پنجاب میں سیلاب متاثرین کیلئے ایک ارب 72 کروڑ کے فنڈز کا کوئی ریکارڈ نہیں
لاہور (میاں علی افضل سے) پنجاب میں سیلاب متاثرین کو وزیراعلی ریلیف فنڈ سے ایک ارب 72 کروڑ 91 لاکھ 22 ہزار روپے کے فنڈز جاری کئے جانے کا ریکارڈ ہی نہیں بنایا گیا۔ یہ انکشاف 2008-09ء سے 2010-11ء تک ڈائریکٹر جنرل ریلیف اینڈ کرائسس مینجمنٹ کے 2008-09ء سے 2010-11ء تک اکاﺅنٹس کا آڈٹ کرنے کے دوران ہوا اس میں کہا گیا ہے کہ سول سیکرٹریٹ میں 2 اگست 2010ءمیں پنجاب بنک برانچ میں کھولا گیا اس کا اکاﺅنٹ نمبر 003334-9 ہے اکاﺅنٹ سے 27 اگست 2011ء تک ایک ارب 72 کروڑ 91 لاکھ 22 ہزار روپے 10 چیکوں کے ذریعے جاری کئے گئے جن کے ریکارڈ کے بارے میں بار بار متعلقہ محکمہ کو ہدایت کی گئی لیکن اس حوالے سے کوئی ریکارڈ مرتب نہیں کیا گیا اس ضمن میں جواب دیا گیا کہ تمام ریکارڈ متعلقہ ڈی سی اوز کے پاس ہے۔ اس ضمن میں جب تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ صرف 2 کروڑ 17 لاکھ 28 ہزار روپے کے فنڈز 3 ڈی سی اوز نے تقسیم کئے ڈی سی او راولپنڈی نے ایک کروڑ روپے، ڈی سی او مظفر گڑھ نے 50 لاکھ روپے اور ڈی سی او میانوالی نے 67 لاکھ 28 ہزار روپے دئیے ایک ارب 72 کروڑ 80 لاکھ روپے پی آر ایس پی اور پی ڈی ایم اے نے ریلیز کئے یہ معاملہ ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کو دسمبر 2011ء کو پیش کیا گیا لیکن اس کا کوئی جواب دیا گیا نہ ہی متعدد یاددہانیوں کے باوجود ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹ کمیٹی کا اس حوالے سے کوئی اجلاس ہوا اسی اثناء میں آڈٹ رپورٹ مرتب کی گئی جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ فنڈز کی تقسیم کا ریکارڈ مرتب نہ کرنے والے متعلقہ افسروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور جلد آڈٹ کرایا جائے۔