وکلا تحریک میں گوجرانوالہ بار نے بے مثال جدوجہد کی: چیف جسٹس
اسلام آباد (آن لائن) چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سے گوجرانوالہ بار کے وفد نے ملاقات کی وفد کی قیادت گوجرانوالہ بار کے صدر چودھری محمد گل نواز گورایہ نے کی۔ چیف جسٹس نے اس موقع پر کہا کہ گوجرانوالہ بار ایسوسی ایشن نے وکلاءتحریک کے دنوں میں ملک میں قانون کی حکمرانی آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے بے مثال جدوجہد کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وکلاءکی جانب سے ملک میں آئین کی حکمرانی یقینی بنانے میں عزم اور حوصلے کی مثال جدوجہد کی گئی جو رہتی دنیا تک آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ وفد نے انصاف کی فراہمی کیلئے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی خدمات کو سراہا۔ وفد نے چیف جسٹس کو گوجرانوالہ بار کے دورے کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی مناسب موقع پر گوجرانوالہ بار کا دورہ کرینگے ۔