بوڑھے انجنوں کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر کا سلسلہ جاری
لاہور (سٹاف رپورٹر) ریلوے میں بوڑھے انجنوں کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت کی تاخیر کاسلسلہ جاری ہے گزشتہ روز بھی مین اور برانچ لائن پر چلنے والی ٹرینیں غیر معمولی تاخیر کا شکا ر ہوئیں جس کے باعث مسافروں کوشدید مشکلات کا سامنا رہا۔بتایا گیا سوموار کے روز کراچی سے لاہور آنے والی علامہ اقبال ایکسپریس سات گھنٹے،تیز گام ایکسپریس چھ گھنٹے،عوام ایکسپریس ،جعفر ایکسپریس ،کراچی ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینیں بھی ایک سے پانچ گھنٹے تک کی تاخیر سے اپنی منزل مقصصود پر پہنچیں۔ دریں اثناء ریلوے میں شعبہ ویجیلنس نے ٹرینوں کی آمدرفت میں تاخیر کا ذمہ دار شیڈ سٹاف ،اسٹیشن منیجرسمیت انجنوں کی کمی کو ٹھہرایا اس ضمن میں ویجیلنس نے وزارت ریلوے کو تفصیلی رپورٹ ارسال کردی ہے ۔باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین ریلوے عارف عظیم نے جعفر ایکسپریس،ملت ایکسپریس اور پاکستان ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینوں کی تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر ویجیلنس ایم اے لاشاری کو تحقیقات کروانے کا حکم دیا انکوائر ی آفسر نے تین عناصر کو ٹرینوں کی تاخیر کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔