جیالوں کی پولیس سے ہاتھا پائی رکاوٹیں توڑ کر ایوان صدر داخل
اسلام آباد (آئی این پی) ایوان صدر میں پیپلز یوتھ ونگ کی منگل کو ہونے والی تقریب میں شرکت کیلئے آنے والے جیالے داخلے سے قبل ہونے والی چیکنگ سے مشتعل ہو گئے اور تمام رکاوٹیں توڑ کر ایوان صدر میں داخلے کیلئے دھاوا بول دیا‘ اس موقع پر جیالوں اور پولیس میں ہاتھا پائی ہوئی‘ جیالے زبردستی ایوان صدر میں داخل ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سینیٹر عامر دھامرہ نے ایوان صدر میں یوتھ ونگ کی تقریب رکھی ہوئی تھی جس سے صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے بھی خطاب کرنا تھا۔ تقریب میں شرکت کیلئے ملک بھر سے پیپلز یوتھ کے عہدیداروں کو مدعو کیا گیا تھا اور وہ جب شرکت کیلئے ایوان صدر پہنچے تو وہاں پر پولیس اور سکیورٹی کے عملے نے انہیں معمول کے مطابق تلاشی دینے کیلئے کہا تو اس پر جیالے مشتعل ہو گئے اور انہوں نے کہا کہ ہم نے ماریں اس لئے نہیں کھائیں کہ پارٹی کی تقریب میں شرکت سے پہلے ہماری تلاشیاں لی جائیں۔ اس موقع پر کارکنوں اور پولیس کے درمیان نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی تاہم جیت جیالوں کی رہی جو رکاوٹیں ہٹا کر زبردستی ایوان صدر میں داخل ہو گئے۔