• news

ایم کیو ایم اعتراض نہ کرے، کراچی میں آپریشن ضروری ہے: وسان

لاہور (دی نیشن رپورٹ) قومی اسمبلی میں ملک کو ہتھیاروں سے پاک کرنے کی قرارداد منظور کرنے کی مسلم لیگ ن کے علاوہ اے این پی اور جے یو آئی (ف) نے بھی مخالفت کی، پیپلز پارٹی کے بعض ارکان بھی قرارداد کے مخالف تھے۔ سینیٹر پرویز رشید نے نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اصولی طور پر پورے ملک کوہتھیاروں سے پاک کرنا چاہتی ہے۔ اسے پنجاب کو ہتھیاروں سے پاک کرنے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن وہ سمجھتی ہے کہ سب سے پہلے سندھ کو ہتھیاروں سے پاک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت غیر قانونی ہتھیاروں کے خلاف کامیاب آپریشن کرتی رہی ہے انہوں نے کہا کہ کراچی جیسی صورتحال پنجاب میں نہیں ہے اس لئے مہم کا آغاز سندھ سے ہونا چاہئے۔ سندھ کے وزیر جیل خانہ جات منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ مجرموں کے خلاف آپریشن کراچی میں شروع کیا جائے گا۔ اس سے کسی بھی پارٹی بالخصوص ایم کیو ایم کو اس پر اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپریشن میں تاخیر کی گئی تو سکیورٹی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ اے این پی کے رہنما میاں افتخار حسین نے کہا کہ کراچی کو ہتھیاروں سے پاک کرنا ضروری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن