• news

زرداری ٹولہ انتخابات سے فرار چاہتا ہے‘ عوام بھاگنے نہیں دیں گے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو عوام نے مینڈیٹ اچھی حکمرانی کیلئے دیا تھا لیکن نااہل وفاقی حکمرانوں نے گذشتہ ساڑھے چار برس کے دوران بدترین اور کرپٹ اندازِ حکمرانی سے عوامی مینڈیٹ کی توہین کی ہے۔ نااہلیوں، کرپشن اور ناکامیوں کا پول کھلنے سے زرداری ٹولہ انتخابات سے فرار چاہتا ہے لیکن عوام انہیں عام انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے اور انہیں انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ افراط زر اور بے روزگاری نے عوام کی زندگیاں اجیرن کر رکھی ہیں۔ بجلی کا بحران، گیس کی قلت، پٹرول اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ وفاقی حکومت کی بیڈ گورننس کی علامت بن گئے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم ملکی حالات سے مایوس ہونے والے نہیں، گڈگورننس کے قیام اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں، جدوجہد کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ ملک میں وسائل کی کمی نہیں، اصل مسئلہ ویژن، نیت اور عمل کا ہے۔ بدعنوانی اور کرپشن کے خلاف عوام اور میڈیا چیخ رہے ہیں لیکن حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ دور دور تک گڈ گورننس کا نام و نشان نظر نہیں آتا۔ مالیاتی نظم و ضبط کا کوئی وجود نہیں۔ ملکی ترقی اور خوشحالی براہ راست مضبوط جمہوریت اور جمہوری تسلسل سے مشروط ہے۔ سیاسی قیادت سے اپیل ہے کہ معاشی خودکشی اور سیاسی محکومی کے راستے کو ترک کرکے صحیح اہداف کا تعین کریں کیونکہ پاکستان کی بقا، اور ترقی کا واحد راستہ یہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا زرداری ماڈل قوم نے دیکھ لیا ہے، زرداری ٹولہ اب اپنے مستقبل سے مایوس ہو کر اوچھے ہتھکنڈے اختیار کر رہا ہے۔ ہم نے اللہ تعالیٰ کے فضل سے مشکل حالات میں جو قدم اٹھایا ہے ملک و قوم خصوصاً غریب عوام کی بہتری کیلئے اٹھایا ہے۔ عوام کو لوٹا نہیں بلکہ سہولیات فراہم کی ہیں۔ عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے کی بجائے ان کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں اپنی کارکردگی کے ساتھ میدان میں اترے گی اور عوام کو بتائیں گے کہ ہم نے کم وسائل کے باوجود ان کیلئے کیا کچھ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے عوام کو محرومیوں، مہنگائی اور بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ہمیں پوری امید ہے کہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) ملک کی اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی اور نواز شریف ہی قوم کی امید اور اعتماد کا نشان بنیں گے۔ لوٹ مار میں زرداری کے اتحادی بننے والوں کا انجام دنیا دیکھے گی۔ دہشت گردی، تخریب کاری کی جڑیں کاٹنے کیلئے مربوط پالیسی کی ضرورت ہے۔ پنجاب میں انتہاپسندی کی روک تھام کیلئے ہرممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ کراچی میں بدامنی پر ہر پاکستانی کو تشویش ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ڈینگی کی خوفناک وبا کے خلاف مساعی پر ہمیں کامیاب کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل اور تمام اداروں کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت ڈینگی کے خلاف مہم میں کامیابی ملی ہے۔ گزشتہ سال ڈینگی سے پنجاب میں 21 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے جبکہ 354 افراد جاں بحق ہوئے۔ رواں سال متاثرہ افراد کی تعداد 261 رہی جبکہ کوئی قیمتی جان بھی ضائع نہیں ہوئی جس پر ہم خالق کائنات کے شکرگزار ہیں۔ اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ڈینگی کے خلاف مہم کی کامیابی پر اظہار تشکر اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خلاف جنگ کے ہر محاذ پر عوام میرے شانہ بشانہ کھڑے رہے جس پر میں ان کا، سیاسی رفقائ، طبی ماہرین، پیرامیڈیکل سٹاف اور سرکاری ملازمین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ڈینگی کے خلاف کامیابی معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کاوشوں اور بے مثال تعاون کے بغیر ممکن نہ تھی۔ سری لنکا، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی حکومتوں اور ان کے بھیجے ہوئے ماہرین کا تعاون بھی لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومتوں کے ملازمین اور ڈینگی بریگیڈ کے ارکان نے ڈینگی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ ڈینگی کے خاتمے کی مہم میں اپنائے گئے جذبے اور محنت کو بروئے کار لا کر تمام شعبوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تعلیم، محنت اور انتھک کاوشوں کی بدولت دنیا کے بدلتے ہوئے چیلنجوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، محبت، ایثار، بھائی چارے اور رواداری کے جذبات کو فروغ دیکر انتہاپسندی کا خاتمہ ممکن ہے، غربت اور جہالت کے خلاف جنگ اور وسائل کے صحیح استعمال کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرکے اسے بین الاقوامی برادری میں باوقار مقام دلایا جا سکتا ہے۔ پاکستان اور ترکی کے مابین گہرے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں۔ ترکی نے فتح اللہ گلن (Fethullah Gulen)کی فلاسفی پرعمل کرتے ہوئے مثالی ترقی کی ہے۔ یہ فلاسفی صرف ترکی کے لئے نہیں پاکستان کے لئے بھی ہے۔ ترکی میں تیل ہے نہ گیس لیکن اس کے باوجود اس نے محنت کے ذریعے ترقی کی منازل تیزی سے طے کی ہیں۔ ترک بھائیوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں بین الاقوامی کانفرنس "مثالی انسان اور مثالی معاشرہ" کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا اہتمام رومی فورم، پاکستان فاﺅنٹین میگزین، پاک ترک انٹرنیشنل چاغ ایجوکیشنل فاﺅنڈیشن اور پنجاب حکومت نے مشترکہ طور پر کیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ ایسی کانفرنسیں، سیمینارز، ورکشاپس اور لیکچرز ، معاشرے میں امن، رواداری، ہم آہنگی اور پیارومحبت کے جذبات کو فروغ دینے کا باعث بنتے ہیں۔ ترکی پاکستان کا ایسا برادر اسلامی ملک ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کاساتھ دیا ہے۔ سیلاب ہو، زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت، ترک بھائی ہمیشہ پاکستانیوں کے شانہ بشانہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ترک بھائی برصغیر کے مسلمانوں کے اس تعاون کو بھی آج تک یاد رکھے ہوئے ہیں جو انہوں نے ترکی کی تحریک آزادی میں فراہم کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایک خدا، ایک کتاب اور ایک نبیﷺ کے ماننے والوں کا گروہوں میں بٹ جانا لمحہ فکریہ ہے۔ اُمت مسلمہ کو باہمی اختلافات کو بھلاکر اتحاد و یگانگت سے آگے بڑھناہوگا اور ہمیں اپنی ترجیحات بدلنا ہوں گی۔ ترقی یافتہ ممالک کی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے وسائل بہتر انداز میں استعمال کریں۔ انہوںنے کہاکہ جن اقوام نے دنیا میں ترقی کی ہے وہ صرف تعلیم، محنت اور عزم و ہمت کے ذریعے کی ہے۔ قبل ازیں مقررین نے بین الاقوامی کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس کے دوران سکالر فتح اللہ گلن کا پیغام پڑھ کر سنایاگیا۔ تقریب کے اختتام پروزیراعلیٰ نے مہمانوں میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

ای پیپر-دی نیشن