• news

بارڈر کو آرڈی نیشن میکنزم کا معاہدہ ‘ سہ فریقی کمشن کا سرحد کے دونوں جانب تعاون جاری رکھنے کا اتفاق

کابل (نوائے وقت نیوز/ آئی این پی) پاکستان ،افغانستان اور اتحادی افواج (ایساف) نے سرحد کے دونوں اطراف پائیدارکامیابی، امن اور استحکام کےلئے تعاون جاری رکھنے پراتفاق کیا ہے جبکہ سہ فریقی بارڈرکوآرڈی نیشن میکنزم کے حوالے سے ایک معاہدے پر دستخط بھی کئے گئے۔ پاکستان، افغانستان اورایساف کے نمائندوں پر مشتمل سہ فریقی کمشن کا36 واں اجلاس افغان وزارت دفاع میں منعقد ہوا یہ اجلاس سہ فریقی کوآرڈی نیشن میکنزم کاحصہ تھا جس میں پاکستان کی جانب سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویزکیانی، افغان فوج کے سربراہ جنرل شیر محمدکریمی اور ایساف کے قائم مقام کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل نکول کارٹر نے اپنے وفودکے ہمراہ شرکت کی۔ شرکاءنے افغانستان اوراس سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں جاری فوجی کارروائیوں کاجائزہ لیا۔ یہ اجلاس اس حوالے سے اہمیت کاحامل تھاکیونکہ اس میں سرحدی تعاون کو بہتر بنانے کے سلسلے میں ”سہ فریقی بارڈرکوآرڈی نیشن میکنزم“ کی ایک دستاویز پر دستخط کئے گئے۔ شرکاءنے افغانستان میں ایساف کی جانب سے افغان سک ورٹی فورسزکو سلامتی کی ذمہ داری کی منتقلی، ایساف کے 2014ءافغانستان سے انخلاف کے منصوبے اور پاکستان اور افغانستان کے درمیان 2014ءتک اور اس کے بعد دوطرفہ سرحدی تعاون بتدریج بڑھانے کے معاہدوں پربھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ سہ فریقی کمشن کے اجلاس سے قبل جنرل اشفاق پرویزکیانی نے افغان صدر حامد کرزئی سے صدارتی محل میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق معاہدے کا مقصد سرحدی معاملات پر تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن