• news

ملک میں جمہوریت مضبوط ہو چکی ‘ معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے کوشاں ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہو گئی ہے اب معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈی ایٹ ممالک میں تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، 1997ءسے اب تک باہمی تجارت میں 20فی صد سالانہ گروتھ ہوتی رہی ہے تاہم رکن ممالک کے درمیان باہمی تجارت کل عالمی تجارت کے محض 7.8فی صد ہے۔ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے بہترین منزل ہے۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز ڈی ایٹ بزنس فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ رکن ممالک میں باہمی تجارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈی ایٹ کا قیام رکن ممالک میں غربت کے خاتمے کے لئے اہم ہے، معاشی اہداف کے حصول کے لئے نجی شعبوں کے لئے کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈی ایٹ ممالک کے درمیان 1997ءمیں تجارت 433ملین ڈالر تھی جو اب بڑھ کر 1.72کھرب ڈالر ہو چکی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ا ور جمہوری ادارے مستحکم ہوچکے ہیں، جمہوری حکومت ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کےلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اُبھرتی ہوئی معاشی منڈی ہے، جہاں پر لیبر فورس سستی ہے اور سرمایہ کاری کے بہتر مواقع موجود ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ممبرز ممالک کا گروتھ ریٹ تقریباً 6 فیصد ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ترجیحی تجارت سے رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھ رہا ہے۔ معاشی اہداف کے حصول کیلئے نجی شعبے کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیرملکی پاکستانیوں کو بھی اپنا سرمایہ ملک میں لانا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہاکہ جمہوری حکومت ملکی معیشت مستحکم بنانے کی خواہاں ہے۔ ڈی ایٹ بزنس فورم کا قیام رکن ممالک میں غربت کا خاتمہ کر دے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ ڈی ایٹ کی تشکیل کے وقت سے رکن ممالک دوطرفہ اور کثیر جہتی کمٹمنٹ پر اثر انداز ہوئے بغیرمل کر کام کر رہے ہیں، تمام رکن ممالک نے اصلاحات کی ہیں، آزاد مارکیٹوں کو فروغ دیا اور عالمی معیشت کے ساتھ بہتر طریقے سے مواقفت پیدا کی ہے۔ وزیراعظم نے بچوں کے عالمی دن پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے بچوں کی بہتر بہبود اور ان کے حقوق کا تہیہ کر رکھا ہے، ہم انتہا پسندی کو مسلط نہیں ہونے دیں گے، ہمارا مستقبل روشن ہے جس قوم کے پاس اُمید کی کرن ہو اسے گھبرانا نہیں چاہئے۔ وزیراعظم نے پولینڈ کی سینٹ کے چیئرمین بوگدان بروزیرچ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں توانائی اور زراعت سمیت دیگر شعبہ جات میں غیرملکی سرمایہ کاری کے بڑے مواقع ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پولینڈ کے سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن