• news

وزیر مذہبی امور کو سکیورٹی کا کیا پتہ: رحمن ملک‘ الزامات کی بجائے دہشت گردی ختم کی جائے: خورشید شاہ

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک نے کہاکہ محرم الحرام میں موٹرسائیکل پر پابندی کے عدالتی فیصلے کے بعد تنقید کرنیوالے معافی مانگیں۔ خورشید شاہ وزیر مذہبی امور ہیں انہیں سکیورٹی کے معاملات کاکیا پتہ جبکہ وفاقی وزیر خورشید شاہ نے کہاکہ الزام تراشی کرنے کے بجائے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہاکہ سندھ ہائی کورٹ نے موٹرسائیکل پر پابندی لگانے کے حوالے سے فیصلہ دیا ہے اور اس پر تنقید کرنیوالوں کو چاہیے کہ وہ معافی مانگیں۔ خورشید شاہ کے بیان کے حوالے سے کہاکہ خورشید شاہ وزیر مذہبی امور ہیں انہیں سکیورٹی معاملات کاکیا پتہ۔ دریں اثناءوفاقی وزیر خورشید شاہ نے رحمن ملک کے بیان کے جواب میں کہاکہ ہمیں الزام تراشی کے بجائے دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنا ہے جب تک ملک سے اسلحہ کی نرسریاں ختم نہیںہونگی تب تک دہشتگردی ختم ہونا نا ممکن ہے۔ ہم کبھی عدالتوں پر تو کبھی کسی اور پر الزام تراشی کرتے ہیں سب کو پتہ ہونا چاہیے کہ انڈا توڑ دو اور اگرمرغی چھوڑ دو تو وہ دوبارہ انڈا دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”بےماری بےماری ہوتی ہے، چاہے وفاق مےں ہو ےا صوبے مےں“۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں جب عبدالغنی تالپور نے سوال کےا کہ کےا ہےپاٹائٹس کی بےماری کے علاج کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی ہے ےا صوبائی حکومتوں کی، اس پر خورشید شاہ نے کہا کہ بےماری بےماری ہوتی ہے چاہے وفاق مےں ہو ےا صوبے۔ علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس کے لئے موبائل سروس بند اور موٹر سائیکل پر پابندی لگانا پڑتی ہے۔ مجھ پر تنقید بھی بہت ہوتی ہے مگر اس کے اچھے نتائج بھی نکلتے ہیں۔ ہلاکتوں میں 75 فیصد کمی آئی ہے۔ بلوچستان کے حالات میں بہتری آئی ہے۔ وہاں کوئی فوجی آپرشن نہیں ہو رہا۔ دیہی علاقوں میں ایف سی موجود ہے مگر وہ صوبائی حکومت کی مدد ے لئے ہے۔ بی ایل اے اور بی آر اے کے لوگ سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ 9، 10 محرم الحرام کو موبائل سروس بند کرنے بارے سوچ رہے ہیں، کراچی سمیت مختلف شہروں میں موبائل سروس بندش کا فیصلہ انٹیلی جنس کی رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔ سندھ ہائیکورٹ کے حکم کے بعد چودھری نثار سمیت دیگر ناقدین معافی مانگیں۔ ابھی موٹر سائیکل اور موبائل فون پر پابندی کا فیصلہ نہیں ہوا۔ دہشت گردی کی اطلاع پر کسی بھی شہر میں موبائل فون اور موٹر سائیکل چلانے پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔ یکم دسمبر کے بعد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں پکڑی جائیں گی۔ رحمان ملک نے کہا کہ طلال بگٹی کے گھر پر سکیورٹی فورسز نے چھاپہ نہیں مارا، جھوٹا الزام لگایا گیا۔ چیئرمین سینٹ اس کی تحقیقات کروائیں۔ ہم بہت جلد حالات پر قابو پا لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن