پشاور سے 2 مبینہ خودکش حملہ آور گرفتار جیکٹ اور دھماکہ خیز مواد ناکارہ بنا دیا گیا
پشاور (وقت نیوز+آن لائن) پشاور پولیس نے باڑہ روڈ سے 2 مبینہ خود کش حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا جن سے برآمد ہونیوالی جیکٹ اور دھماکہ خیز مواد ناکارہ بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں باڑہ روڈ پر پولیس نے ایک حملہ اور کو گرفتار کیا تو دوسرا حملہ آور خود کش جیکٹ پہنے روڈ پر الٹا لیٹا تھا جس پر بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا گیا اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے 13 سالہ لڑکے کے جسم سے خود کش جیکٹ کو علیحدہ کیا پولیس کے مطابق ایک حملہ آور کی عمر 13 اور دوسرے کی 20 سال ہے 13 سالہ حملہ آور کا کہنا تھا کہ اسے اغوا کے بعد زبردستی خود کش جیکٹ پہنا کر بھیجا گیا تھا گرفتار حملہ آوروں میں ایک کا تعلق مہمند اور دوسرے کا قمبر باڑہ خیل سے ہے۔ اے آئی جی بم ڈسپوزل یونٹ شفقت ملک نے کہا ہے کہ خودکش حملہ آور نے آٹھ کلو بارودی مواد جسم سے باندھ رکھا تھا بارودی مواد میں بال بیرنگ بھی تھے۔ پولیس اہلکاروں کو سی سی پی او نے طلب کرلیا۔ ان سے پوچھا گیا کہ خودکش بمباروں کی خبر کہاں سے ملی؟ اور حکام کو کیوں نہیں بتایا گیا اتنی بڑی کارروائی اعلیٰ حکام کے علم میں لائے بغیر کیوں کی گئی۔ خیبر پی کے حکومت نے 2 خودکش بمباروں کو گرفتار کرنے والے اہلکاروں کیلئے انعام کا اعلان کیا ہے۔ اے این پی رہنما بشیر بلور نے کہا ہے کہ اہلکاروں نے خودکش حملہ آوروں کو زندہ پکڑ کر شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔