• news

فلمی کہانی کو موجودہ دور کے مطابق لکھا جانا چاہئے : صائمہ نور

لاہور (این این آئی) اداکارہ صائمہ نور نے کہا ہے کہ فلمیں وژن سے بنتی ہیں اور اب فلم کی کہانی موجودہ دور کو سامنے رکھتے ہوئے لکھی جانی چاہئے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، ہماری فلم انڈسٹری ابھی ختم نہیں ہوئی بلکہ ہر آنیوالا دن پہلے دن سے اچھا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلموں کو کامیاب کرنے کیلئے موجودہ دور کے مطابق بنانا چاہئے تب ہی فلمیں کامیاب ہو سکتی ہیں اور فلموں میں ہمیں اپنا کلچر دکھانا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں ایسے رائٹر اور ہدایتکار موجود ہیں جو اچھی کہانی لکھ سکتے ہیں اور ایسے ہدایتکاربھی موجود ہیں جن کی بنائی ہوئی فلمیں عالمی معیار کی فلموں سے کسی طرح بھی کم نہیں سمجھی جاتیں، صرف ان لوگوں کی حوصلہ افزائی اور انکا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن