قومی جونیئر ہاکی ٹیم ملائیشیا میں 6 ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی
لاہور ( نمائندہ سپورٹس) پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم ملائیشیا میں چھ ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی۔ جوہر بارو ٹورنامنٹ میں جونیئر ہاکی ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن ہوں، یہ ٹورنامنٹ عالمی کپ کی تیاریوں کا حصہ تھا۔ اس لحاظ سے ہم نے کئی ایک تجربات کئے جس کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔ شارٹ کارنر اور دفاع کی مضبوطی پر کافی توجہ دی گئی تھی۔ ہم اپنے سے مضبوط، بہتر اور زیادہ تیاری کے ساتھ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنیوالی ٹیموں کیخلاف میدان میں اترے تھے۔ ہماری ٹیم میں تین کھلاڑی ایسے تھے جو پہلی مرتبہ انٹرنیشنل لیول پر جونیئر ٹیم کی نمائندگی کر رہے تھے۔ ان خیالات کا اظہار جونیئر ہاکی ٹیم کے منیجر و ہیڈ کوچ رانا مجاہد علی خان نے وطن واپسی پر نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنلٹی کارنر پر زیادہ گول نہیں کر سکے اور ناکامی کی بڑی وجہ یہی ہے۔ ہمارا ہدف جونیئر ورلڈکپ ہے اور اس ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کیلئے ہمیں یورپین ٹیموں اور بھارت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنا ہوں گے۔ جرمنی کیخلاف ہم پہلی مرتبہ کھیلے۔ ہم تیاریوں کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔