• news

آئی سی سی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے تیار

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پی سی بی کے چیئرمین چودھری ذکاءاشرف کی آئی سی سی کے صدر ایلن آئزک اور چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن سے دبئی میں اہم ملاقات، اس موقع پر پاکستان کی کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر گفتگو ہوئی۔ آئی سی سی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی پر اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ کی پانچ سال بعد بحالی کرکٹ کے فروغ کیلئے خوش آئند ثابت ہوگی۔ آئی سی سی کے دونوں عہدیداروں نے پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کی بہتری ، ویمن کرکٹ کے فروغ پر کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ پی سی بی کے چیئرمین چودھری ذکاءاشرف نے دونوں عہدیداروں کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ اس بات کا امکان ہے کہ دونوں عہدیدار پاکستان میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان کا دورہ کریں گے اور کھیل کے میدان میں سکیورٹی کے معاملات کا ازخود جائزہ لیں گے اور ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی کرکٹ میچز کو دیکھیں گے۔ چودھری ذکاءاشرف آئی سی سی کا دورہ مکمل کرکے آج وطن واپس پہنچیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن