• news

سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ارباب اختیار توجہ فرمائیں

مکرمی! اخبار میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہورکی جانب سے شائع شدہ اشتہار بعنوان ”اطلاع عام بابت تبدیلی نام“ نظر سے گذرا جس میں لاہور کی سڑکوں اور انڈر پاسز وغیرہ کے نئے نام قومی مشاہیر کے نام مسنون کر کے تجویز کئے گئے ہیں جن میں ماڈل ٹاﺅن کے زیر تعمیر انڈر پاس کا نام معروف شاعر فیض احمد فیض کے نام منسوب کیا گیا ہے۔ ارباب اختیار سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی خدمت میں عرض ہے کہ اگر ماڈل ٹاﺅن کی بستی میں رہائش رکھنے کے ناطے ان کا نام زیر غور ہے تو قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری جو پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے بہت پہلے ماڈل ٹاﺅن کے جی بلاک میںرہائش رکھتے تھے اور تاحیات وہیں پرمقیم رہے اور انہیں جی بلاک کے قبرستان میں ہی امانتاً دفن کیا گیا لہذا قومی ترانے کے خالق ہونے اور ماڈل ٹاﺅن کے قدیمی رہائشی ہونے کی بنا پر ماڈل ٹاﺅن کے زیر تعمیر انڈر پاس کا نام حفیظ جالندھری کے نام سے منسوب کرنا زیادہ بہتر اور مناسب ہو گا۔
(خالد مسعود قریشی30 علامہ اقبال روڈ لاہور)

ای پیپر-دی نیشن