الیکشن میں دھاندلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: وٹو
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان و پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر منظور احمد وٹو نے کہاکہ جمہوری حکومت نے اپنے دور میں تاریخی کامیابیاں حاصل کیں ہیں، صدر زرداری نے ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ اپنے اختیارات پارلیمنٹ کومنتقل کر دیئے ہیں، موجودہ پارلیمنٹ نے عدلیہ کومضبوط کیا ہے اور چیف الیکشن کمشنر اور نگران حکومت کا ایسا جامع نظام دیاکہ اب الیکشن میں دھاندلی کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ صوبوں کو زیادہ سے زیادہ بااختیاربنایا گیا۔ وہ منگل کو امریکہ کے ڈپٹی پولیٹیکل قونصلر سے بات چیت کر رہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں صوبہ کے قیام کے لئے ضروری آئینی ترامیم کی جائیں گی تاکہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے میں حائل مشکلات کو دور کیا جاسکے۔ پاکستان کا مستقل جمہوریت سے وابستہ ہے اورجمہوریت کے تسلسل سے ہی پاکستان میں حقیقی ترقی ممکن ہے۔ موجودہ حکومت دہشت گردی کے خاتمہ کا کامل یقین رکھتی ہے۔ صدر زرداری نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مفاہمت کی پالیسی کو جاری رکھا ہوا ہے تاکہ تمام پارٹیاں مل بیٹھ کر ملکی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔