• news

صدرکی جانب سے جاپان کو اسلام آباد اور فیصل آباد میں بجلی گھر تعمیرکرنے کی دعوت

 اسلام آباد (آن لائن) صدرآصف علی زرداری نے پشاور طورخم روڈ کی تعمیر پر تھر منصوبے میں جاپانی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہوئے جاپان کو اسلام آباد اور فیصل آباد بجلی گھر تعمیر کرنے کی دعوت دی ہے پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر ہیروشی اوٹی سے ملاقات کے دوران کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان اورجاپان کی دوستی کو 60سال پورے ہونے پر دونوں ملکوں میں مختلف تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔ جاپانی سفیر نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے خزانہ سلیم مانڈوی والا اور صدر کے سیکرٹری جنرل سلمان فاروق بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان اپنے فاضل پھل، سبزیاں اور چاول جاپان کو برآمد کرنا چاہتا ہے اور پاکستان جاپان کی مدد سے سنٹر آف ایکسی لینس کے قیام کا خیرمقدم کرتا ہے۔ دوطرفہ اقتصادی تجارتی تعلقات کے فروغ کے لئے صدر مملکت کو تجویز دی کہ جاپان اور پاکستان کو دوطرفہ آزادی تجارتی معاہدہ کرنا چاہئے۔ صدر نے دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لئے جاپانی سفیر کی جانب سے منعقد کئے جانیوالے سیمینارز کی بھی تعریف کی۔ صدر نے جاپانی سفیرکے ساتھ دوطرفہ دلچسپی کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور جاپان کے مابین متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ کے مواقع موجود ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہا ہے اور جاپانی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

ای پیپر-دی نیشن