قصاب کی پھانسی سرحد پار ”دوستوں“ کےلئے عبرت کا پیغام ہے: بی جے پی
نئی دہلی (آن لائن) بھارتی اپوزیشن جماعت بی جے پی نے اجمل قصاب کو پھانسی کی سزا دینے پر کہا ہے کہ ملزم کو کیفر کردار تک پہنچانے میں تاخیر ضرور ہوئی ہے تاہم بالآخر متاثرین کو انصاف مل گیا ہے۔ حکومت افضل گورو کو بھی اسی طرح جلد تختہ دار پر لٹکائے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بی جے پی کے ترجمان شاہنواز حسین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اجمل قصاب کی پھانسی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارتی عوام معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے دیگر دہشت گردوں کا بھی یہی انجام چاہتے ہیں ۔انہوں نے حکومت اور پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ اجمل قصاب کی طرح افضل گورو کو بھی پھانسی دی جائے ۔سینئر نائب صدر مختار عباس نقوی کا کہنا تھا کہ اجمل قصاب کی پھانسی سرحد پار اس کے دوستوں کے لئے بھی عبرت کا پیغام ہے۔