ججز تعیناتی: جوڈیشل کمشن نامکمل تھا‘ صدر سفارشات پر عمل نہیں کریں گے: اٹارنی جنرل
اسلام آباد (ثناءنیوز) اٹارنی جنرل عرفان قادر نے کہا ہے کہ ججز کی تعیناتی کے معاملہ پر جوڈیشل کمشن مکمل نہیں تھا ۔ اس لئے سفارشات پر صدر مملکت عملدرآمد نہیں کریں گے ۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ججز کا یہ منصب نہیں کہ وہ کسی کی بھی سرزنش کریں چاہے وہ کوئی عام وکیل ہی کیوں نہ ہو ۔ ججز نے ان کی سرزنش نہیں کی ۔ ججز کو قانون کسی کی سرزنش کرنے کی اجازت نہیں دیتا ۔ ان کا کہنا تھا کہ دوران سماعت میری آواز بلند تھی جس پر جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا تھا کہ دھیمی آواز میں بات کریں جس کی وضاحت میں نے کر دی تھی کہ بچپن سے ہی ان کا لہجہ تھوڑا لاﺅڈ ہے اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ غصے میں ہیں ۔ بات ختم ہوئی تھی یہ بات خوشگوار ماحول میں ہوئی تھی ۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے درخواست گزار کی صدر کے نوٹیفیکیشن نہ ہونے کے باوجود ججز کو کام جاری رکھنے کی اجازت دینے کی استدعا مسترد کر دی تھی ۔ عدالت نے قرار دیا تھا کہ ایسا حکم صدر کا اختیار سلب کرنے کے مترادف ہو گا ۔ گزشتہ روز کی تمام کارروائی ان کے حق میں تھی اور ان کی استدعا پر ہی سماعت ملتوی کی گئی کسی قسم کی ناراضگی اور جھگڑے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ اخبار نے یہ خبر سیاق و سباق سے ہٹ کر بدنیتی کی بنیاد پر شائع کی ہے ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشنل کمشن مکمل ہونے تک ججز کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہو گا ۔ آئین کی پیروی سے کسی قسم کا بحران پیدا نہیں ہو گا۔