ملک ریاض، ارسلان، احمد خلیل کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست، تاخیر پر سیکرٹری داخلہ ذمہ دار ہونگے: سڈل کمشن
اسلام آباد (این این آئی) شعیب سڈل کمشن نے ملک ریاض، ارسلان افتخار اور احمد خلیل کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کردی۔ ذرائع کے مطابق ارسلان افتخار کیس کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے شعیب سڈل کمشن نے ملک ریاض، ارسلان افتخار اور احمد خلیل کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کیلئے سیکرٹری داخلہ سے درخواست کی ہے۔کمشن کا کہنا ہے کہ تینوں افراد کے نام 2 دن میں ای سی ایل میں شامل کرنا ہیں، تاخیر کی صورت میں سیکرٹری داخلہ ذمہ دار ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق شعیب سڈل کمیشن کا کہنا ہے کہ احمد خلیل کو تحریری بیان دینے کی تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی گئی، نجی ٹی وی کے مطابق کمشن کا کہنا ہے کہ احمد خلیل کے وکیل توسیع کی استدعا کریں تو غور کریں گے۔