عرس بابا فریدؒ : پہلے روز بہشتی دروازے سے ایک لاکھ افراد گزرے
پاکپتن (نامہ نگار) عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ کے769ویں سالانہ عرس کے مو قع پر دوسرے روز بھی سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی نے بہشتی دروازے کی قفل کشائی کی۔ اس موقع پر ڈی سی او پاکپتن سید حیدر اقبال، ڈی پی او پاکپتن سرفراز فلکی، دیوان عظمت سید محمد چشتی، دیوان پیر عبدالظاہر چشتی، ایڈیشنل کلکٹر ندیم عباس بھنگو، ٹی ایم او فدا افتخار میر سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے مشائخ عظام اور زائرین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور حق فرید ؒ یا فریدؒ کے نعروں سے گونج اٹھی۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا مانگی گئیں۔ دیوان مودود مسعود چشتی نے عقیدت مندوں میں تبرکات تقسیم کئے۔ گزشتہ روز بہشتی دروازہ سے آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمان، ایڈیشنل آئی جی پنجاب اسلم ترین، عدلیہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات بیورو کریٹ سیاسی رہنماﺅںسمیت ایک لاکھ سے زائد عقیدت مندوں نے گزرنے کی سعادت حا صل کی۔ اس مو قع پر وی آئی پی گیٹ پر بدنظمی دیکھنے میں آئی اور دھکم پیل کے با عث زائرین کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ لائن رکنے کے باعث نگینہ چوک میں زائرین کی بہشتی لائن تقریباً ایک کلو میٹر سے زائد طویل ہو گئی۔ ڈی سی او اور ڈی پی او نے بہشتی لائن کے علا قوں کا معائنہ کر کے پولیس اہلکاروں کو زائرین کے ساتھ نرم رویہ اختیار کر نے کی ہدا یت کی۔