• news

ملکی حالات اور حلقے میں سیلاب کی تباہ کاریاں دیکھ کر الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا: ظفر اللہ جمالی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی نے کہا ہے ملکی حالات اور حلقے میں سیلاب کی تباہ کاریوں کو دیکھ کر اس دفعہ الیکشن میں خود حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عوامی خدمت جمالی خاندان کا شعار رہا ہے اس سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آنے والے الیکشن میں حصہ لینے کے باقاعدہ طور پر سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کرتے ہوئے اپنے پرانے اتحادی اور عمرانی قبیلے کے سربراہ چیف آف مانجھوٹی سردار شاہنواز خان عمرانی سے ان سے رہائش گاہ پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عمرانی قبیلے کے سرکردہ شخصیات میر محراب خان عمرانی، سابق وزیر اعظم کے صاحبزادے میر عمرخان جمالی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ جمالی خاندان نے سیاست میں ہمیشہ تمام قبائل کو ساتھ لے کر حلقے کی عوام کی خدمت کی ہے اور اتحادیوں نے اعتماد کا اظہار کیا تو علاقے میں خوشحالی اور بحالی کے نئے دور کا آغاز کروں گا۔ اس موقع پر عمرانی قبیلے کے سربراہ سردار شاہنواز خان عمرانی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے مفاد کو مدنظر رکھ کر اتحادیوں کی حمایت کی ہے۔ ابھی تک آنے والے الیکشن میں کسی کی حمایت کا اعلان نہیں کیا تاہم قبیلہ کے جرگہ میں باہمی صلاح مشورے کے بعد حلقے کے مفاد میں دوررس فیصلے کر کے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن