ہائیکورٹ میں ججز کی تقرری کا نوٹیفکیشن نہ ہونے کیخلاف راولپنڈی اسلام آباد میں وکلاءکی ہڑتال
اسلام آباد/راولپنڈی(آئی این پی )اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوی ایشن نے دو ججوں جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس نور الحسن قریشی کی بطور جج اسلام آباد ہائی کورٹ تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہ کئے جانے کیخلاف جمعرات کو اپنے اجلاس میں قرارداد منظور کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دونوں ججوں کی جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے‘ اسلام آباد اور راولپنڈی میں وکلاءنے ہائیکورٹ اور دیگر عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا اور عدالتوں میں پیش نہ ہوئے۔اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوی ایشن کی جانب سے منظور کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججوں کی تقرری نہ ہونا عدلیہ اور قانون کی حکمرانی پر حملہ ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ جوڈیشل کمیشن اور ججوں کی تقرری کی سفارشات کے باوجود نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ قرارداد میں صدر زرداری کی جانب سے ججوں کی تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کی مذمت کی گئی۔ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کا نوٹیفیکیشن جاری نہ کرنے کےخلاف راولپنڈی بار میں بھی مکمل ہڑتال کی گئی اور وکلاءعدالتوں میں پیش نہ ہوئے۔ صدر راولپنڈی بار ایسوسی ایشن شیخ احسن الدین کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر پارلیمانی کمیٹی نے ججز کی تعیناتی کی منظوری دی، اب صدر نوٹیفکیشن جاری کرنے کے پابند ہیں۔ راولپنڈی بار میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور یو ٹیوب سے گستاخانہ مواد نہ ہٹانے کے خلاف بھی احتجاج کیا گیا۔