• news

میرے خاوند سمیت14 پاکستانیوں کے قاتل سربجیت کو پھانسی دیجائے، بیوہ کی اپیل

نئی دہلی / سانگلہ ہل (اے پی اے ) بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ کو فوری پھانسی دے دی جائے ۔ملتان میں ایک مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی لیڈر نعیم اللہ خان نے کہا کہ بھارت نے عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ایک ماہ سے بھی کم وقت انتظار کیا اور اجمل قصاب کو پھانسی دے دی جبکہ پاکستان گزشتہ 8سال سے خطرناک دہشت گردوں کو اپنی حفاظت میں رکھے بیٹھا ہے۔اخبار کا کہنا ہے کہ نعیم اللہ خان نے الزام لگایا کہ صدر آصف زرداری مجرمان کی پھانسیوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ تحریک انصاف کے مطالبے پر سربجیت کے گھر والوں سے رابطہ کیا گیا تو اس کی بہن نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت میں نہیں ہے اس لئے میں کچھ نہیں کہہ سکتی البتہ میں پاکستانی وزیر داخلہ رحمان ملک کی شکر گزار ہوں۔ دوسری جانب قصاب کی سزا پر عملدرآمد ہوتے ہی سپریم کورٹ کے سابق جج اور پریس کونسل آف انڈیا کے چئیرمین مرکنڈے کاتجو نے پاکستانی صدر اور وزیراعظم کو سربجیت سنگھ کی معافی کےلئے دوبارہ تحریری اپیل کی ہے۔کاتجو کا کہنا ہے کہ سربجیت اور قصاب کے کیس مختلف نوعیت کے ہیں ،اور سربجیت سنگھ معافی کا مستحق ہے، کیونکہ اجمل قصاب رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا تھا جبکہ سربجیت سنگھ پر عائد کئی الزامات جھوٹے ہیں ۔دریں اثناء بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ کے 1990میں کیے گئے بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے سانگلہ ہل کے مرزا محمد نواز کی بیوہ روبینہ نواز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میرے خاوند سمیت 14پاکستانیوں کے قاتل سربجیت کو اسی طرح پھانسی پر لٹکائے جس طرح بھارت نے اجمل قصاب کو پھانسی دی ہے۔ بیوہ روبینہ نواز نے کہا کہ میں میرے بچے بچیاں اور میرا خاندان 22سال سے مرزا نواز کی بے گناہ ہلاکت پر دکھ اور غم کی سولی پر لٹکا ہواہے اور اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ حکومت پاکستان کب بھارتی دہشت گرد اور قاتل سربجیت سنگھ کو پھانسی پر لٹکاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن