افضل گورو کی پھانسی کا جلد فیصلہ ہونے کا امکان، فائل 48گھنٹے میں کلیئر کر دینگے: بھارتی وزیر داخلہ
نئی دلی (کے پی آئی) بھارت نے اجمل قصاب کے بعد افضل گوروکی پھانسی کے بارے میں بھی جلد فیصلہ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ بھارتی وزیر داخلہ سوشیل کمار شندے نے کہا کہ وہ آئندہ 48گھنٹے کے اندر افضل گورو کی فائل کلیئر کردیں گے۔ اسے التوا میں نہیں رکھیں گے۔ ادھر گجرات کے وزیر اعلی نریندرا مودی ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان روی شنکر پرساد اور کانگریس کے سینئر لیڈر ڈگ وجے سنگھ کے علاوہ دیگر کئی لیڈروں نے محمد افضل گورو کے بارے جلد کوئی فیصلہ لینے پر زور دیا ہے۔ شندے نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ افضل گورو کے بارے اب فیصلے میں تاخیر نہیں کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اب محمد افضل گورو سمیت دیگر 7ایسے افراد کے بارے حتمی فیصلہ مرکزی وزارت داخلہ ہی لے گی ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نئی دہلی کی ریاستی حکومت اور مرکزی وزارت داخلہ نے پہلے ہی محمد افضل گورو کی اہلیہ کی طرف سے داخل کرائی گئی رحم کی درخواست کو مسترد کرنے کی سفارش کی ہے۔