لکی مروت: پولیس فائرنگ سے خودکش حملہ آور ہلاک‘ خیبر ایجنسی ‘ صوابی میں بم دھماکے‘2 رضا کار جاں بحق
لکی مروٹ+ خیبر ایجنسی+ گلگت+ صوابی+ تخت بھائی (نامہ نگار+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) لکی مروت میں خودکش حملہ آور کو پولیس نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ وادی تیراہ کے علاقے قنبرخیل میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے دو رضاکار جاں بحق ہو گئے۔ صوابی میں پولیس گاڑی پر بم حملے میں کانسٹیبل سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ایک دہشت گرد زخمی ہو گیا۔ تخت بھائی کے قریب بابا مزار میں دھماکہ ہوا۔ دھماکے سے مزار کا گنبد تباہ ہو گیا۔ گلگت میں پولیس لائنز کے قریب دھماکہ ہوا جس میں بھائی نقصان نہیں ہوا۔ نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے۔ عشاءکی نماز کے وقت ایک خودکش حملہ آور نے محلہ باغبان کی طرف سے محلہ سیدان کی طرف جانے والے راستے کے داخلی کونے پر تعینات پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ کے بعد وہ محلہ باغبان کی طرف بھاگ نکلا۔ پولیس نے حملہ آور کا تعاقب کیا تو اس نے دستی بم پھینکے۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران حملہ آور کی بارود سے بھری جیکٹ پھٹ گئی جس سے زور دار دھماکہ ہوا اور حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ حملہ آور کا ہدف مجلس عزا تھی۔ علاوہ ازیں شرپسندوں کے فائر کردہ راکٹ بنوں روڈ پر سیمنٹ فیکٹری میں جا گرے۔ ایک راکٹ پھٹ گیا مگر کوئی نقصان نہیں ہوا۔ خیبر ایجنسی میں امن لشکر کی گاڑی گشت پر تھی کہ اسی دوران قنبرخیل میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا جس سے گاڑی میں سوار دو رضاکار جاں بحق متعدد زخمی ہو گئے۔ صوابی میں پولیس کی موبائل گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ایک کانسٹیبل سمیت تین افراد معمولی زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے سے ایک موٹرکار اور دو سائیکلوں کو نقصان پہنچا۔ دھماکے میں آدھا کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جسے گھی کی ڈبے میں بند کر کے سائیکل پر رکھا گیا تھا۔