کشکول بردار حکمران ڈرون حملے نہیں رکوا سکتے: صائمہ شہزادی
لاہور (لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کی صائمہ شہزادی خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے ہاتھوں میں کشکول اور گلے میں غلامی کاطوق ہے، یہ ڈرون حملے نہیں روک سکتے۔ پاکستان کی داخلی خود مختاری اور سالمیت کی حفاظت کیلئے عوام غیرتمند لیڈر میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف کے ہاتھ مضبوط کریں اور بدعنوانی کے سدباب کیلئے ان کا بھرپور ساتھ دیں۔ بھکاری حکمرانوں نے چند کوڑیوں کیلئے ایٹمی پاکستان کا وقار خاک میں ملادیا۔ مسلم لیگ (ن) اقتدارمیں آکر پاکستان کا وقار بحال کرے گی اور معاشرے کا کوئی طبقہ جمہوریت کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا۔ پاکستان کی سالمیت کو درپیش خطرات کے پیش نظر اقتدار کے ایوانوں میں فوری تبدیلی ناگزیر ہے۔