اب تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے ہی آئے گی: ثمینہ خالد گھرکی
لاہور (خبر نگار) وفاقی وزیر و پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ بہت جلد دوسری جماعتوں کے کارکن پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی پالیسیوں پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کر تے ہوئے دکھائی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں نہ صرف پنجاب بلکہ ملک بھر سے کلین سویپ کرے گی اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کا ایک جیالا وزیر اعلیٰ ہو گا جو پنجاب کے عوام کے ساتھ ہونے والی زےادتیوں کا خادم اعلیٰ سے حساب لے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن شفاف،آزادانہ اور غیر جانبدارانہ ہوں گے، اب کسی کو بھی چور راستے سے آنے کا موقع نہیں ملے گا۔ اب وہی اقتدار میں آئے گا، جس کو عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے منتخب کریںگے، تبدیلی صرف اور صرف ووٹ سے ہی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک بار پھر عوامی حمایت کے بل بوتے پر پاکستان کے غریب ،مسکین،مزدوروں اورکسانوں کی سب سے بڑی جماعت کے طور پر جیت کر پاکستان کے عوام کے مسائل حل کرے گی۔