”ایرانی صدر کا بیان اتحاد امت اور فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے بہترین ہے“
لاہور (خصوصی نامہ نگار) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر مولانا فضل الرحمٰن بن محمد نے جامع مسجد محمدی سنت نگر فردوس پارک میں خطبہ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر احمدی نژاد نے حالیہ دورہ کے موقع پر امت مسلمہ میں فتنہ و فساد، فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے جو بیان کہ امت توحید کے پرچم تلے جمع ہو اور رسول پاک والی راہ اپنا لیں یہی ایک فلاح سلامتی اور بقا کا راستہ ہے بہترین بیان ہے اور فی الوقت یہی پوری امت کے دل اور روح کی آواز ہے۔ ان کی اس مخلصانہ کوششوں اور سوچ میں ان کا ساتھ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورا سال شیعہ سنی آپس میں مل جل کر رہتے ہیں آپسی کاروبار کرتے ہیں لیکن ان دنوں میں خوف و ہراس اور دہشت گردی کا چرچا کیا جاتا ہے۔ دونوں کمیونٹیز نے مل کر پاکستان بنایا اور اس کی حفاظت، بقا اور سلامتی میں بھی مخلص ہیں۔ اس خوف و ہراس اور لڑائی جھگڑا کھڑا کرنے میں حکومت کی اپنی پالیسی تو ہو سکتی ہے لیکن اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔