• news
  • image

یوم عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا جائے گا‘ لاہور میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد

لاہور (اپنے نمائندے سے + ایجنسیاں) نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق و صداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور (آج) دسویں محرم کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ شام غریباں برپا ہو گی، تمام شہروں اور چھوٹے قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس نکالے جائیں گے، مرکزی جلوس امام بارگاہوں سے برآمد آج شام کو اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے۔ نویں محرم کو بھی جلوس نکالے گئے اور لاکھوں عزاداروں نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اسلام آباد میں مرکزی جلوس جی سکس کی امام بارگاہ اثنا عشری سے برآمد ہوا۔ کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس صبح نمائش چورنگی سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بعد نماز مغرب امام بارگاہ حسینیہ ایرانیہ کھارادر میں اختتام پذیر ہوا جلوس میں شہدا کربلا کی یاد میں بڑی تعداد میں عزادار سینہ کوبی اور ماتم کرتے رہے۔ لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس رات گئے نثار حویلی سے برآمد ہوا۔ جلوس سو سے زائد امام بارگاہوں سے ہوتا ہوا آج کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوگا، پشاور میں نو محرم کا جلوس عزا امامیہ ہال سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا صدر چوک پر اختتام پزیر ہوا۔ ملتان میں مرکزی جلوس ممتاز آباد سے برآمد ہوا جو مغرب کے بعد مرکزی امام بارگاہ دولت گیٹ پر اختتام پذیر ہو ا۔ فیصل آبادکا جلوس شیخ لاہوری امام بارگاہ سے برآمد ہوا۔ جھنگ میں نو محرم کا جلوس محلہ باغ سے برآمد ہوا۔ سکھر میں پرانا سکھر امام بارگاہ معصومی سے نکالا جانے والا جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ معصومین پر اختتام پذیر ہوا ۔ جلوسوں میں پانی کے علاوہ دودھ کی سبیلیں بھی لگائی گئیں اور لنگرکا اہتمام بھی کیا گیا۔ اپنے نمائندے سے کے مطابق لاہور میں درجنوں مقامات پر اعزاداروں نے ماتمی جلوس نکالے اور مجالس شبینہ عاشور کا انعقاد کیا گیا۔ پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ امام بارگاہ سے مرکزی جلوس برآمد ہوا جبکہ مغعلپورہ امام بارگاہ، علامہ اقبال ٹا¶ن اور شادمان امام بارگاہ قصر بتول، گڑھی ریلوے واشنگ لائن، بی بی پاکدامن سمیت دیگر مقامات پر مجالس کا اہتمام کیا گیا جس میں اعزاداروں نے ماتم کیا۔ علما اور ذاکرین نے شہدائے کربلا کے واقعہ پر روشنی ڈالی۔ نثار حویلی سے ہونے والے جلوس کی سی سی کیمروں کے ساتھ سنٹرل مانیٹرنگ کے علاوہ فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے، تمام روائتی روٹس پر عزاداروں اور سکیورٹی کے علاوہ کسی بھی شخص کے داخلے پر پابندی کے پیش نظر خاردار تاروں کے ذریعے راستے بلاک کر دئیے گئے ہیں۔ قبل ازیں ذوالجناح کے مرکزی جلوس کے ہزاروں عزاداروں سے امام بارگاہوں میں قیام کے دوران متعدد جید اہل تشیع علما نے خطاب کیا اور فلسفہ کربلا پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ تمام راستے ہزاروں عزادار انجیر زنی اور ماتم کرتے رہے۔ اس موقع پر کئی زنجیر زنی کرنے والوں کو رضاکاروں اور ایمبولینسز میں موجودگی پیرا میڈیکل سٹاف نے طبی امداد بھی فراہم کی۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن