واقعہ کربلا نے ہمیشہ کے لئے حق و باطل میں تفریق کر دی: شہباز شریف ‘ لاہور میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
لاہور (این این آئی) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے گذشتہ روز علی الصبح میٹرو بس پراجیکٹ کا بغیر سکیورٹی اور پروٹوکول کے اچانک دورہ کیا اور گجومتہ سے آزادی چوک تک پراجیکٹ کے مختلف سیکشنز پر ہونے والے تعمیراتی کام کی پیش رفت کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ شہباز شریف نے دورے کے دوران گفتگو میں کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلاب برپا کر دے گا۔ یہ منصوبہ نہیں عوامی خدمت کا مشن ہے۔ عوام بہت جلد میٹرو بس کو سڑکوں پر رواں دواں دیکھیں گے جس کے بعد نام نہاد ناقدین خودبخود چپ ہو جائیں گے۔ لوگوں کی عارضی تکلیف مستقل آرام میں بدلنے والی ہے۔ لاہور کے بعد میٹرو بس پراجیکٹ دیگر بڑے شہروں میں بھی شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ پر کام میں کوتاہی یا سست روی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کام کو مقررہ کردہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مختلف سیکشنز پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ نے ٹکسالی چوک کے قریب ایلیویٹڈ سیکشن کامعائنہ کیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ تقریباً تین گھنٹے سے زائد پراجیکٹ کا معائنہ کرتے رہے۔ بعدازاں انہوں نے ماڈل ٹاﺅن میں دو گھنٹے تک میٹرو بس پراجیکٹ پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ منصوبے پر بلاتاخیر کام جاری رہنا چاہئے۔ ہم سب وقت کے ساتھ جنگ کر رہے ہیں، منصوبے کے کاموں میں کسی قسم کی تاخیر کی گنجائش نہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے کے کام میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بس سٹیشنوں پر بھی کام ساتھ ساتھ جاری رہنا چاہئے اور پارک اینڈ رائیڈ سٹیشن بنانے کے لئے بھی تیز رفتاری سے کام کیا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے یوم عاشور کے موقع پر لاہور میں نکالے جانے والے مرکزی جلوس کے روٹ کا اچانک دورہ کیا اور وہاں پر سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈی سی او آفس میں قائم کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مرکزی جلوس کے روٹ پر صفائی اور لائٹس کے علاوہ دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈبل سواری پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ یوم عاشور کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں جن کے تحت مجالس اور جلوسوں کیلئے چار درجاتی سکیورٹی حصار بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں یوم عاشور پر پیغام میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا تاریخ اسلام کا ایک ایسا باب ہے جس نے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے حق و باطل میں تفریق کر دی ہے۔ حضرت امام حسینؓ نے اپنے 72 جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی سے درخشاں باب رقم کیا ہے۔ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے حق و سچ کا علم بلندکرنے کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔ آج ہم ان عظیم شہدائے کربلا کی قربانیوں سے حاصل ہونے والے درس کو مشعل راہ بنا کر اپنی زندگی کو اسلام کے سنہری اور لازوال اصولوں کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے میدان کربلا میں باطل کے سامنے سرنگوں نہ ہو کر جرا¿ت اور بہادری کی ایسی لازوال مثال قائم کی ہے جس کی تقلید میں مسلم امہ کی ابدی زندگی کا راز پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثاروں کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کی امن پسندی‘ رواداری اور عظیم اخلاقی اقدار کو قیامت تک کے لئے زندہ کر دیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج پاکستان جن نازک حالات سے گزر رہا ہے اور قوم جن گھمبیر مسائل میں مبتلا ہے ان میں فلسفہ حسینؓ پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت پہلے سے بھی بڑھ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں تمام اختلافات بھلا کر ملک سے انتشار، فسق و فجور، فرقہ واریت، مذہبی منافرت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مذہبی رواداری‘ صبر و تحمل، عفو و درگزر اور برداشت کو فروغ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مظاہرہ کر کے دشمن کے ناپاک اور مذموم عزائم کوخاک میں ملانا ہے۔