• news

وزیراعلیٰ کا سکیورٹی اور پروٹوکول کے بغیر شہر کے مختلف مقامات کا دورہ

لاہور (فرخ سعید خواجہ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نویں محرم کو بغیر پروٹوکول شہر کے مختلف مقامات پر جا کر شہریوں کے حوصلوں کو بلند کر دیا۔ دہشت گردی کے واقعات کے بعد خوف و ہراس کی فضا تھی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بغیر سکیورٹی اور پروٹوکول کے شہر میں نکل آئے۔ انہوں نے میٹرو بس پراجیکٹ اور یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا۔ شہری انہیں اپنے درمیان پا کر حیران رہ گئے۔ مختلف مقامات پر شہریوں نے ان کا ”شیر آیا، شیر آیا“ کے نعروں سے استقبال کیا۔ داتا دربار پر زائرین نے بھی انہیں دیکھ کر محبت سے ہاتھ ہلائے۔ ایک بزرگ نے وزیر اعلیٰ کو صحت اور لمبی عمر کی دعا دی جبکہ ایک ضعیف خاتون نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو اچھے ماں باپ کا اچھا بیٹا قرار دیا۔ بزرگ خاتون نے انہیں ڈھیروں دعائیں دیں۔ جین مندر چوک پر وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے ایک شخص نے کہا کہ ”میں سی ایم آں“ جس پر وزیر اعلیٰ نے کہا ”جے تسیں سی ایم او تے میں فیر ایویں ای پھر ریا واں“، جس پر اس شخص نے کہا ”میں کنسٹرکشن منیجر آں تے نکا سی ایم آں تسیں وڈے سی ایم او“ جس پر وزیر اعلیٰ مسکرا دئیے۔ ایم اے او کالج روٹری پر وزیر اعلیٰ نے مزدوروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا “تہاڈا کیہہ حال اے، ٹھیک ٹھاک اوناں، کم بندکیتا ہویا اے“ جس پر مزدوروں نے کہا ”شفٹ بدل گئی اے تے نویں شفٹ آرہی اے“۔ ٹیکسالی چوک پر ایلیویٹڈ سیکشن کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں موجود سکیورٹی گارڈ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ”ناشتہ کر لیا اے کہ نئیں“ جس پر مزدوروں نے کہا کہ ”ناشتہ تے کر لیا اے پر چا نئیں پیتی“۔ اس موقع پر ایک شہری نے وزیر اعلیٰ کو گلدستہ بھی پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن