ایڈیلیڈ ٹیسٹ : جنوبی افریقہ 388 پر آﺅٹ‘ آسٹریلیا نے 273 رنز کی برتری حاصل کر لی
ایڈیلیڈ (اے پی پی) آسٹریلیا نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز 5 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنا کر پروٹیز کے خلاف 273 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ جنوبی افریقہ نے 217 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو گریم سمتھ 111 اور جیکس روڈلف 25 رنز پر کھیل رہے تھے، تیسرے روز روڈلف پہلے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے وہ 29 رنز بنا سکے ۔ اگلے ہی اوور میں پیٹرسڈل نے گریم سمتھ کی اننگز کا خاتمہ کر دیا، انہوں نے 122 رنز بنائے۔ اے بی ڈی ویلیئرصرف ایک رن بنا سکے۔ ڈیل سٹین ایک اور رورے کلین ویلڈت صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ جیکس کیلس نے فاف دو پلیسز کے ساتھ مل کر 93 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 343 تک پہنچا دیا ۔ جیک کیلس 58 رنز بنا کر کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ مورنے مورکل 6 رنز بنا سکے۔ فاف دو پلیسز 78 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ بین ہلفنہاس نے 3 نیتھن لیون اور پیٹرسڈل نے 2، 2 مائیکل کلارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا نے دوسری اننگز شروع کی تو ایڈکوون اور ڈیوڈ وارنر نے ٹیم کو 77 رنز کا آغاز فراہم کیا، اس موقع پر کلین ویلڈت نے اپنے اوور میں وارنر اور ایڈکوون کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے، وارنر 41 اور کوون 29 رنز بنا سکے۔ روب کیونی صفر پر آﺅٹ ہوئے، رکی پونٹنگ کی سوئی ہوئی فارم نہ جاگ سکی وہ 16 رنز بنا سکے۔ پیٹرسڈل نے ایک رن بنایا، تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنا کر پروٹیز کے خلاف مجموعی طور پر 273 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ مائیکل کلارک 9 اور مائیکل ہسی 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ کلین ویلڈت نے3 ڈیل سٹین اور مورنے مورکل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔