لاہور: ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے علماءکا دہشتگردی کیخلاف مظاہرہ
لاہور (پ ر) امت مسلمہ کے تمام مکاتب فکر کی واحد نمائندہ عالمگیر تنظیم ”ورلڈ پاسبان ختم نبوت“ میں شامل چاروں مسالک کے علماءنے راولپنڈی اور کراچی میں ہونے والی دہشتگردی کیخلاف لاہور ہوٹل چوک میں مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بینر اٹھا رکھا تھا جس پر ”اسلام و پاکستان کیلئے ہم سب ایک ہیں“ درج تھا۔ اس موقع پر ورلڈ پاسبان کے قائد علامہ محمد ممتاز اعوان، ڈاکٹر عمر قاسمی، مولانا غلام حسین نعیمی، علامہ مصطفٰی چشتی، مولانا عبداللہ روپڑی، علامہ وقار حیدر نقوی، ڈاکٹر زاہد ربانی و دیگر علماءنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز میں بڑھتی شدت پسندی اور دہشتگردی زہر قاتل ہے۔ کوئی بھی مسلمان دہشتگردی کا تصور تک نہیں کر سکتا۔ ایک خفیہ تیسرا ہاتھ مذہب کی آڑ میں دہشتگردی کر کے اسلام کو بدنام اور پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے تمام اسلام پسند اور محب وطن لوگ متحد ہو کر دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں۔