بھارت نے فوج کوکشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے، فریدہ بہن
سری نگر (آن لائن) جموں و کشمیر ماس موومنٹ کی چیئرپرسن و کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما فریدہ بہن جی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی بھارتی حکومت کی بوکھلاہٹ شکست کی عکاس اور مذموم ہتھکنڈہ ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام پوری امت مسلمہ کے لئے ایک مذہبی تہوار ہے۔ عزا داروں کے جلوسوں پر پابندی لگانا ریاستی حکومت کی مذہبی معاملات میں بے جا مداخلت ہے۔نہ صرف بھارتی آئین بلکہ بین الاقوامی قانون کے تحت مذہبی آزادیوں پر پابندی لگانا اقوام متحدہ کے چارٹر اور منشور کی خلاف ورزی ہے لیکن بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ بھارت نے فوج کو لامحدود اختیارات دے کر کشمیری عوام کے قتل و غارت کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جسے کشمیر کے اکثریتی کردار کو اقلیت میں بدلنے کی مذموم کوششوں کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔