کشمیری، فلسطینی عوام آزادی کیلئے امام حسینؓ کے نقش قدم پر چلیں: فاروق رحمانی
اسلام آباد ( آن لائن) جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چئیرمین محمد فاروق رحمانی نے حضرت امام حسینؓ کی زندگی اور قربانی کو نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے پوتے اور کاشان ِ نبوت کی زندگی اور قربانی مظلوم انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔ امام عالیٰ مقام اور ان کے خاندان نے حق و انصاف کے لیے جو قربانیاں پیش کیں وہ ساری دنیا کے اہل ایمان کبھی فراموش نہیں کریں گے۔گذشتہ روز انہوں نے دنیا بھر کی مظلوم قوموں خاص کر کشمیر اور فلسطین کے عوام سے کہا ہے کہ وہ اپنی آزادی کے حصول اور غیر ملکی حکمرانو ںاور بے رحم سامراجوں سے نجا ت کے لئے نواسہ رسول کے نقوش قدم پر چلیں۔ کشمیر بھی حق و انصاف کے طاغوت کے خلاف جدوجہد کا مسئلہ ہے۔اور یہ بات اقوام عالم کو معلوم ہے کشمیریوں کی سر زمین پر ہندوستانی سامراجیت نے ناجائز تسلط کیا ہے اور اب سامراجیت کے حکمران نئے سخت گیر قوانین بنا چکے ہیں۔ حق و انصاف کے لیے آواز بلند کرنا کشمیریوں کا سب سے بڑا جر م ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حریت پسند نظر بند افضل گورو کی زندگی کو سخت خطرات لاحق ہیں۔ افضل گورو کے ساتھ مجرمانہ سلوک ہورہاہے اور انہوں نے خبردا رکیا کہ اگر ہندوستان نے اس معاملے میں کوئی انتہائی اقدام کیا تو اس کے نتائج برے ہوں گے ۔
شفقت تنویر مرزا کے انتقال پر اظہار تعزیت
لاہور (پ ر) چیئرمین قلم فاﺅنڈیشن علامہ عبدالستار عاصم نے بزرگ، دانشور، مصنف شفقت تنویر مرزا کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے اور دعا کی ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔