• news

حافظ آباد تا لاہور چلنے والی گاڑیوں پر زائد کرایوں کی وصولی جاری

حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد سے لاہور کے درمیان براستہ موٹر وے چلنے والی گاڑیاں سی این جی کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مقررہ کرایوں سے زائد کرایہ وصول کرنے میں مصروف ہیں،ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حکام متعلقہ گاڑیوں کے مالکان کو مقررہ کرایے وصول کرنے کے پابند نہ کر سکے۔ مسافروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب اوردیگر اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حافظ آباد تا لاہور براستہ موٹر وے چلنے والی گاڑیاں زائد کرایے وصول کر رہی ہیں۔ لاہور سے یکطرفہ کرایہ150 روپے سے200 روپے تک جبکہ حافظ آباد سے 100 سے 110 تک کرایہ مسافروں سے وصول کیا جا رہا ہے۔ مسافروں کے احتجاج کرنے پر ویگن مالکان انہیں نہ صرف تذلیل کا نشانہ بناتے ہیں بلکہ گاڑیوں سے اتار دیتے ہیں۔ حافظ آباد ووڈ ایسوسی ایشن کے نائب جنرل سیکرٹری محمد فاروق، عثمان ویلفیئر سوسائٹی کے کارکنان محمد خالد، اویس بٹ، شہباز قمر اور دیگر شہریوں نے صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے افسران مذکورہ روٹ پر کرایہ نامہ کے مطابق کرایہ کی وصولی یقینی بنائیں اوورلوڈنگ بھی ختم کرائی جائے خلاف ورزی کرنیوالی گاڑیاں بند اور ڈرائیوروں کے لائسنس منسوخ کئے جائیں، گاڑیوں میں کرایے نامے آویزاں کرائے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن