مغربی این جی اوز کا مخصوص ایجنڈا، مسلمان اپنی تنظیمیں بنائیں: پروفیسر خورشید
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) جماعت اسلامی کے نائب امیر پروفیسر خورشید احمد نے کہا ہے کہ بعض این جی اوز جو پاکستان میں کام کر رہی ہیں وہ سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زکوٰة اور صدقات کی مد میں ایک کھرب روپے سے زیادہ رقم نادار لوگوں کو دی جاتی ہے۔ وہ گذشتہ روز ”الخدمت فاﺅنڈیشن“ کے زیر اہتمام انٹرنیشنل فیڈریشن فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کر ہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کو این جی اوز تشکیل دینا چاہئیں جو مصیبت زدہ مسلمانوں اور دوسرے لوگوں کی امداد کر سکیں۔ پروفیسر خورشید نے کہا کہ اسلامی ملکوں کی این جی اوز کو اپنے وسائل یکجا کرنے چاہئیں اور این جی اوز کی ایک مضبوط تنظیم بنانا چاہئے۔ انہوں نے اخوت اور انٹرنیشنل فیڈریشن برائے ریلیف اور ڈویلپمنٹ کی کوششوں کو سراہا۔