زرداری مشرف سے بھی بڑی آفت بن چکے ہیں: عارف سندھیلہ
اجنیانوالہ (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ زرداری ملک کیلئے مشرف سے بھی بڑی آفت بن چکے ہیں۔ عوام کسی جھوٹے پراپیگنڈہ سے متاثر نہ ہوں آنے والا کل مسلم لیگ (ن) کا ہی ہے۔ عوام کے سامنے پیپلز پارٹی کی قیادت کے نقلی چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کی ہوا نکلنا شروع ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب اجنیانوالہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگی رہنما چودھری نصراللہ جھمٹ، سید بشیر شاہ نمبردار، چودھری اشرف ہنجرا، سکندر بھٹی بھی موجود تھے۔ عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کو محرومیوں اور اندھیروں سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کریگی۔ منظور وٹو کے ذریعے پنجاب فتح کرنے کا خواب کبھی پورا نہ ہو گا۔ چار سال میں پیپلز پارٹی نے یہ چوتھا صدر پنجاب بنایا ہے۔ یہ بھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ کرپٹ سیستدانوں کا یوم حساب قریب آ چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) عوام کی مدد سے پیپلز پارٹی کو عبرتناک شکست دے کر اس کا نام و نشان ختم کر دے گی۔