پنجاب حکومت نے عاشورہ محرم پر موثر اقدامات کئے ہیں: چودھری عبدالغفور
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبدالغفور نے کہا ہے کہ عاشورہ محرم پر امن رکھنے کے لئے حکومت پنجاب نے وزیراعلیٰ کے احکامات کے تحت جو موثر اور دیرپا اقدامات کئے ہیں ان کی بھرپور جھلک گوجرانوالہ ضلع اورڈویژن کے باقی اضلاع میں دیکھی جاسکتی ہے۔ ہر شہر اور تحصیل میں ذوالجناح اور تعزیہ کے آخری جلوس اور مجالس کے اختتام تک بھرپور سیکیورٹی انتظامات جاری رکھے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے ڈی سی او آفس میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈی سی او محمد امین چوہدری‘ سی پی او عبدالرزاق چیمہ نے انہیں سول انتظامیہ اور پولیس کے حفاظتی پلان سے متعلق بریفنگ دی۔ ایڈیشنل کمشنر ریاض احمد بٹ‘ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر صالح سعید‘ ڈی او سی وسیم عباس‘ ایڈیشنل کمشنر جنرل عظیم خان‘ اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید صلاح الدین‘ اسسٹنٹ کمشنر صدر صائمہ علی‘ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر طاہر چوہدری‘ ڈی او ایچ آر ایم محمد سلیم ساگر‘ مولانا عبدالعزیز چشتی‘ قاری زاہد سلیم‘ غلام کبریا شاہ‘ مولانا مشتاق چیمہ ودیگر معززین شریک تھے۔ چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ ڈویژن کے تینوں اضلاع میں سول انتظامیہ‘ پولیس نے فول پروف انتظامات کرنے کے علاوہ فرقہ وارانہ ہم آھنگی اور مذہبی یگانگت کے فروغ کے لئے علماءکرام کے ساتھ پوری طرح رابطہ اور مشاورت جاری رکھی ہوئی ہے۔ بعدازاں انہوں نے ڈی سی اوآفس میں قائم کنٹرول روم کا معائنہ کیا اورڈیوٹی سٹاف سے ضلع بھر کی صورتحال سے متعلق سوالات کئے۔