یوم عاشور پر بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری و فائرنگ
ہجیرہ (آن لائن) یوم عاشور کے موقع پر بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج کی سول آبادی پر بلااشتعال گولہ باری و فائرنگ، لائن آف کنٹرول پر واقعہ جنگل میں آگ بھڑک اٹھی۔ بھارتی فوج نے دھرمسال، بٹل، ناطر اور کھڑانج کالونی کی سول آبادی پر مارٹر کے گولے داغے جس علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لائن آف کنٹرول پر آمدورفت معطل ہو کر رہ گئی۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری کے باعث لائن آف کنڑول کی عوام نے رات جاگ کر گذاری۔ پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے مو¿ثر جوابی کارروائی کی۔ دونوں افواج کے درمیان کئی گھنٹے تک فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوتا رہا۔ فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجہ میں لائن آف کنٹرول بٹل سیکٹر میں واقع مقبوضہ جنگل میں آگ بھڑک اٹھی تاہم فائرنگ اور گولہ باری سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ عوامی، سیاسی و سماجی حلقوں نے بھارتی فوج کی طرف سے سول آبادی پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لیں۔