نائن اے سائیڈ ٹورنامنٹ کا تجربہ نہ ہونے پر کھلاڑی ناکام رہے : اجمل لودھی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے کوچ اجمل لودھی نے کہا کہ نائن اے سائیڈ ٹورنامنٹ کا زیادہ تجربہ نہ ہونے کی بناءپر کھلاڑی انٹرنیشنل سپر سیریز میں کے پہلے تین میچوں میں کامیابی حاصل نہیں کر سکے تھے تاہم بھارت کے خلاف درجہ بندی کے میچ میں 5-2 سے ملنے والے کامیابی نے کھلاڑیوں کا مورال بلند کر دیا۔ میلبورن سے ”نوائے وقت“ کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں بہتر نتائج دینے کی کوشش کرینگے۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر رسول اور کوچ حنیف خان کھلاڑیوں کا بہترین کمبی نیشن تیار کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں تاکہ پاکستان ہاکی کا مستقبل روشن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کی طرح ہاکی مقابلوں میں سنسنی پیدا کرنے کے لئے اس کے بھی مختصر فارمیٹ شروع ہو گئے ہیں لہٰذا پاکستان ہاکی فیڈریشن کو بھی اپنے سالانہ کلینڈر میں نائن اے سائیڈ اور فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹس کو جگہ دینا ہوگی۔ نئے فارمیٹ کی ہاکی کا پاکستانی کھلاڑیوں کو زیادہ تجربہ نہیں ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس فارمیٹ میں بھی بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔ چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز یکم دسمبر سے میلبورن میں ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لئے تمام کھلاڑی پوری طرح تیار ہیں۔