آئی پی ایل کے اگلے مرحلے میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنے پر غور
لاہور(سپورٹس رپورٹر) انڈین پریمیئر لیگ کے فرنچائزرز نے اگلے ایڈیشن میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے لئے غور شروع کر دیا۔ اس سلسلہ میں بعض پاکستانی کھلاڑیوں سے ان کی دسیتابی کے حوالے سے بھی پوچھا جا رہا ہے۔ انڈین پریمیئر لیگ کے اگلے ایڈیشن کے لئے کھلاڑیوں کی بولی جنوری 2013ءمیں ہوگی جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی بھارتی کرکٹ بورڈ سے اس حوالے سے تفصیلات مانگ لی ہیں کہ آیا آئی پی ایل کے 2013ءکے ایڈیشن میں قومی کھلاڑیوں کو شامل کریں گے یا نہیں، صاف بتایا جائے۔ پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان معاملات طے پانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان پانچ سال بعد کرکٹ سیریز بحال ہو رہی ہے۔ امکان ہے کہ اس سیریز کا اثر انڈین پریمیئر لیگ پر بھی پڑے گا اور پاکستانی کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت کا گرین سگنل مل جائے گا۔