• news

بھارت کا پاکستانی کرکٹ شائقین کو پابندیوں کی زنجیروں میں جکڑنے کا منصوبہ


نئی دہلی (آئی اےن پی) بھارت نے پاکستانی شائقین کو آئندہ ماہ ہونے والی سیریز کے موقع پر پابندیوں کی زنجیروں میں جکڑنے کا منصوبہ بنالیا۔سرحد پار سے آنے والے کرکٹ کے دیوانے آزادانہ نقل و حرکت نہیں کرپائیں گے، سٹیڈیمز میں بھی ان پر گہری نظر رکھی جائے گی، بھارتی کرکٹ بورڈ کے منظور شدہ ہوٹلوں میں قیام لازمی ہوگا، وینیوز کے سوا کسی جگہ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ کی22 تاریخ کو بھارت پہنچنا ہے جہاں میزبان کے خلاف دو ٹوئنٹی 20 اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔مگر اتنا کم وقت باقی رہنے کے باوجود ابھی تک ویزا پالیسی کو ہی حتمی شکل نہیں دی جاسکی جہاں ایک طرف شائقین کو یہ تک معلوم نہیں کہ انھیں کن شرائط پر پڑوسی ملک جانے کا پروانہ ملے گا وہیں بھارتی وزارت داخلہ نے بھی سرحد پار سے آنے والے شائقین کو کھیل سے محبت کی کڑی سزا دینے کے لئے سخت پابندیوں کی منصوبہ بندی کرلی،اس کی موجودگی میں کرکٹ کے دیوانوں کے لئے کھیل سے محظوظ ہونا ہی مشکل ہوجائے گا۔بھارتی سرزمین پر قدم رکھتے ہی پاکستانی شائقین کی نگرانی شروع اور نقل وحرکت انتہائی محدود رکھی جائے گی، ائرپورٹ سے سیدھا ان ہوٹلوں میں جانا ہو گا جو بھارتی کرکٹ بورڈ کے منظور شدہ ہوں گے، وہاں پر انھیں کمروں تک ہی محدود کردیا جائے گا، خفیہ اہلکاروں کی نگاہوں کے پہرے میں یہ سٹیڈیم پہنچیں گے اور وہاں پر بھی نظر رکھی جائے گی، میچ ختم ہوتے ہی شائقین کو واپس اپنے ہوٹل پہنچنا ہوگا۔ انھیں وینیوز کے سوا کسی اور جگہ جانے یا تاریخی وسیاحتی مقامات کی سیر تک کی اجازت نہیں ہوگی۔
بھارت/پابندیاں

ای پیپر-دی نیشن