• news

پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات ہیں: کمبوڈین نائب وزیراعظم


لاہور (خصوصی رپورٹر) کمبوڈیا کے نائب وزیراعظم ڈاکٹر سوک آن (ق) لیگ کے سینئر رہنما نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی کی خصوصی دعوت پر دورہ¿ پاکستان کے بعد واپس وطن روانہ ہو گئے۔ انہوں نے چودھری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی سے الوداعی ملاقات میں کہا کہ وہ دونوں رہنماﺅں کے عوامی خدمت کے جذبہ سے بہت متاثر ہوئے ہیں جس کا مقصد غربت، جہالت اور بیروزگاری کا خاتمہ اور عام آدمی کو زیاہ سے زیادہ بہترین سہولتوں کی فراہمی ہے۔ ڈاکٹر سوک آن نے پاکستان میں مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اور ان کے وفد کو جو پذیرائی ملی ہے اس پر وہ ان کے بے حد شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ دورے کے دوران دونوں نائب وزرائے اعظم نے صنعتی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون سمیت مختلف امور پر مذاکرات کئے۔ چودھری پرویز الٰہی نے انہیں پنجاب میں اپنی وزارت اعلیٰ کے دور کے ترقیاتی اور عوامی فلاح و خدمت کے منصوبوں اور اس بارے میں عالمی اداروں کے تعریفی ریمارکس سے بھی آگاہ کیا۔ مہمان وفد نے سینیٹر مشاہد حسین سید اور ثمینہ خاور حیات ایم پی اے کے ساتھ بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ کا دورہ کیا اور مغلیہ طرز تعمیر کی تعریف کی۔ نائب وزیراعظم ڈاکٹر سوک آن نے کمبوڈیا کے قونصل خانہ کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے پرچم کشائی بھی کی اور اعزازی قونصل جنرل سالک حسین کی خدمات کی تعریف کی۔

ای پیپر-دی نیشن