نوازشریف جو مرضی کرلیں، آئندہ حکومت نہیں بنا سکیں گے: عمران
لاہور+اسلام آباد(ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چیلنج کرتا ہوں نوازشریف جو مرضی کرلیں آئندہ حکومت نہیں بنا سکیں گے، نوازشریف نے آصف زرداری کے اقتدار کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، آنیوالی حکومت تحریک انصاف کی ہی ہوگی، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں اور ان کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے ملک میں مہنگائی بے روزگاری اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہے، اقتدار میں آ کر تمام کرپٹ سیاستدانوں کو جیلوں میں ڈالیں گے، تحریک انصاف ہی اس ملک میں احتساب کا شفاف نظام لاسکتی ہے اور ہم اقتدار میں ملک کو لوٹنے والے کرپٹ سیاستدانوں سے پائی پائی وصول کریں گے۔ ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ جیسے ہی ملک میں عام انتخابات کا اعلان ہوگا بڑے بڑے لوگ تحریک انصاف میں شامل ہونگے، دوسروں پر الزامات لگانے والے شریف برادران خود بے نقاب ہو گئے ہیں اور اصغر خان کیس کے بعد ان کو سیاست چھوڑ دینی چاہئے۔ مجھ پر آئی ایس آئی سے پیسے لینے کا الزام ثابت ہو جائے تو ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑ دوں گا۔ خیبر پی کے اے این پی اور مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر عمران خان نے کہا کہ ملکی سلامتی، خود مختاری اور انصاف کی فراہمی کے بغیر ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ امن و امان کی غیر یقینی صورتحال میں ملکی معیشت ترقی نہیں کرسکتی۔ ہماری جنگ سٹیٹس کو کے حامیوں اور ملک کا بیڑہ غرق کرنے والوں کے خلاف ہے۔