سنجیدگی سے بڑے فیصلے نہ کئے تو پاکستان صومالیہ بن جائے گا: فضل کریم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پاکستان جنازوں کا ملک بن چکا ہے، چاروں صوبوں میں بم دھماکوں سے ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان کا کوئی شہر محفوظ نہیں، ہر پاکستانی عدم تحفظ کا شکار ہے، حکام محفوظ اور عوام غیر محفوظ ہیں۔ دہشت گردوں کو غیر ملکی پشت پناہی حاصل ہے۔ پاکستانی سیاست کو رئیس زادوں نے یرغمال بنایا ہوا ہے۔ جمہوریت کی دعویدار جماعتوں کے اندر جمہوریت کا فقدان ہے۔ ہر جماعت فرد واحد کے گرد گھومتی ہے اور ہر لیڈر آمر بنا ہوا ہے۔ پارٹی ٹکٹ اہلیت کی بجائے دولت کی بنیاد پر دئیے جاتے ہیں۔ سیاسی جماعتوں میں خودپرستی کا چلن عام ہے۔ پاکستان کی سلامتی شدید خطرات سے دوچار ہے اس لئے پاکستان سے وفاداری کو ایمان سمجھنے والے متحد ہو جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفود سے گفتگو میں کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ طالبان ہمارے داخلی اور امریکہ خارجی دشمن ہے۔ قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی سازشوں کو ناکام بنانا ضروری ہے۔ امریکہ نواز غلامانہ خارجہ پالیسی تبدیل کرنا ہو گی۔ سنجیدگی اور متانت کے ساتھ بڑے فیصلے نہ کئے گئے تو پاکستان صومالیہ اور روانڈہ بن جائے گا۔ پاکستانی قوم مسلسل دہشت گردی کا ایندھن بن رہی ہے۔ قوم 65 سال سے قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے پاکستان کی تلاش اور انتظار میں ہے۔