یوسف رضا گیلانی نے ایف آئی اے میں پیشی سے پھر انکار کر دیا
اسلام آباد (ثناءنیوز) حج کرپشن کیس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ایف آئی اے میں پیشی سے پھر انکار کر دیا۔ ایف آئی ے کے ڈائریکٹر حسین اصغر نے آج (بدھ کو) سابق وزیراعظم جو حج کرپشن کیس میں طلب کر رکھا ہے۔ سابق وزیراعظم نے اپنے وکیل چودھری فیصل حسین کے ذریعہ حسین اصغر کو بذریعہ خط جواب بھجوا دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پہلے بھی ایف آئی اے کے نوٹسز کو غیرقانونی قرار دیا گیا ہے۔ نوٹس جاری کرنے سے قبل وزارت قانون کی رائے طلب نہیں کی گئی جو کہ لازمی تقاضا ہے۔ اس کے بغیر ایف آئی اے کوئی نوٹس جاری نہیں کر سکتی تھی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ایف آئی ے کا طرز عمل آزادانہ تفتیش کا نہیں ہے اور آپ جانبدار محسوس ہوتے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ جو جواب 18 نومبر کو دیا جا چکا ہے اس کے تسلسل میں یہ خط لکعھا جا رہا ہے۔ ایف آئی اے نے قانون کے تقاضے پورے نہیں کئے اس لئے نوٹس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، ہم اسے تسلیم نہیں کرتے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت قانون کی رائے طلب کرنے کے بعد اگر کوئی نوٹس جاری کیا جائے گا تو اس پر غور کیا جا سکتا ہے۔