• news

بیٹنگ کوچ کا تقرر کھٹائی میں پڑ گیا‘ تربیتی کیمپ میں سابق کرکٹرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

لاہور (آئی این پی) دورہ بھارت سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے تقرر کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا، تربیتی کیمپ میں سابق کرکٹرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔بعض ارکان ظہیر عباس ،انضمام الحق یا آصف مجتبیٰ میں سے کسی کوٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کے حق میں ہیں جبکہ چیئرمین پی سی بی کوالیفائیڈ کوچ مقرر کرنے پر بضد ہیں ۔ قومی ٹیم بیٹنگ کوچ کے بغیر بھارت جائےگی تاہم عبوری بیٹنگ کنسلٹنٹ کے طورپر ظہیر عباس کو قومی ٹیم کے ہمراہ بھیجاجاسکتا ہے ۔بورڈ 14دسمبر سے شروع ہونےوالے تربیتی کیمپ میں سابق کرکٹرز،ظہیرعباس،جاویدمیانداد،عامر سہیل،انضمام الحق اور سلیم ملک کو مدعو کرنے پر غور کررہی ہے اور ان کرکٹرز کی خدمات حاصل کرکے بلے بازوں کی تکنیک میں موجودہ خامیاں دور کی جائیں گی۔ بورڈ حکام کا خیال ہے کہ سابق کرکٹرز کی مختصر کوچنگ سے انہیں اس بات کا اندازہ بھی ہو جائے گا کہ کرکٹرز کس حد تک کھلاڑیوں کو مطمئن کر رہے ہیں۔
 بورڈ بعد میں بھی کھلاڑیوں سے فیڈ بلیک حاصل کرکے کسی نتیجے پر پہنچنا چاہتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن