• news

دھمکیاں 30 نومبر کی ہڑتال کی راہ میں رکاوٹ نہیں: فنکشنل لیگ

کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی دھمکیاں 30 نومبر 2012ءکو دی جانے والی ہڑتال کی کال اور یوم سیاہ کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں، 30 نومبر کو سندھ کی بیٹیوں، ماو¿ں کے ساتھ سندھ کے وزرا کی جانب سے کی جانے والی بدتمیزی اور سندھ کو تقسیم کرنے والے کالے قانون کے خلاف سندھ کے غیور عوام کا پرامن احتجاج ہو گا۔ سندھ میں ایک ہی قانون چلے گا۔ دوہرے قانون سے سندھ کی تقسیم کی ابتدا ہو گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں کراچی ڈویژن کے صدر پیر یاسر سائیں کے آفس میں منگل کے روز کراچی ڈویژن کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع کراچی ڈویژن کے صدر پیر یاسر سائیں، جام مدد علی، نصرت سحر عباسی، گلزار فیروز، سلیم شیخ، شمع منشی، اعجاز سومرو، شاہد سومرو اور دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 30 نومبر کو کراچی سمیت سندھ بھر میں پرامن ہڑتال اور یوم سیاہ منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ سندھ کی بیٹیوں کے ساتھ سندھ اسمبلی کے فلور پر وزرا نے بدتمیزی کی ۔ متحدہ ارکان احتجاج میں ہمارا ساتھ نہ دیتے تو کم از کم اسمبلی میں انہیں روک تو سکتے تھے لیکن انہوں نے خاموشی اختیار کی اور ابھی تک خاموش ہیں۔ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ ہم نے پرامن احتجاج کی کال دی ہے۔ حکومت کراچی اور سندھ میں جرائم پیشہ افراد، ٹارگٹ کلرز، اغوا کاروں کے خلاف کارروائی کر نہیں سکتی سیاسی کارکنوں کے خلاف کرے گی، حکومتی رٹ کہیں موجود نہیں۔ حکومتی ہتھکنڈوں کا بھرپور جواب دیں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن