سڈل کمیشن کے احکامات کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر
اسلام آباد (وقائع نگار) بحریہ ٹاﺅن نے ٹیکس ریکارڈ طلبی کے حوالے سے سڈل کمیشن کے احکامات کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی۔ سینئر وکیل اعتزاز احسن کے ذریعے دائر انٹرا کورٹ اپیل میں سڈل کمیشن کے احکامات کے خلاف بحریہ ٹاﺅن کی درخواست مسترد کرنے کے عدالتی فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ ارسلان افتخار از خود مقدمہ سے درخواست گزار کا کوئی تعلق ہے اور نہ ہی وہ سڈل کمیشن میں جاری کارروائی میں فریق ہے لیکن اس کے باوجود شعیب سڈل تحقیقاتی کمیشن نے بحریہ ٹاﺅن کا ٹیکس ریکارڈ طلب کر لیا۔ ان احکامات کو عدالت عالیہ میں چیلنج کیا گیا لیکن جسٹس ریاض احمد خان نے 19 نومبر کو ابتدائی سماعت پر ہی درخواست خارج کرتے ہوئے حکم صادر فرمایا کہ مذکورہ کمیشن سپریم کورٹ کی طرف سے دئیے گئے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ٹیکس ریکارڈ طلب کر سکتا ہے۔ بحریہ ٹاﺅن کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل میں موقف اپنایا گیا ہے کہ صرف مجاز افسر ہی ٹیکس ریکارڈ طلب کر سکتا ہے۔ قانونی طور پر شعیب سڈل کمیشن درخواست گزار کا ٹیکس ریکارڈ طلب نہیں کر سکتا۔